PM IK Advisors Assets & dual Nationality
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے مشیرومعاونین خصوصی میں کون کون امریکہ، کنیڈا، برطانیہ اور سنگاپور کے شہری ہیں
پاکستان میں وزیراعظم عمران خان کے 15 معاونین خصوصی اور6 مشیروں کےاثاثوں اور شہریت کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں، جس کے مطابق، وزیراعظم کے معاونین خصوصی میں سے چھ دوہری شہریت کےحامل ہیں۔ کوئی بھی مشیر غیرملکی شہریت کا حامل نہیں۔
پاکستان کے قانون کے مطابق، کوئی بھی رکن اسمبلی اور وفاقی وزیر دوہری شہریت کا حامل نہیں ہو سکتا۔ لیکن، کسی معاون خصوصی اور مشیر کے لیے ایسی کوئی پابندی نہیں ہے۔
وزیراطلاعات و نشریات شبلی فراز نے سماجی رابطے کی سائیٹ ٹوئیٹر پر کابینہ ڈویژن کا لنک شئیر کیا اور کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر تمام معاونین خصوصی کے اثاثہ جات اور شہریت کی تفصیلات عام عوام کے سامنے رکھی جارہی ہیں۔
دوہری شہریت
کابینہ ڈویژن کی جاری کردہ تفصیلات اور کابینہ ڈویژن کی ویب سائیٹ پر موجود تفصیلات کے مطابق، وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل امریکی گرین کارڈ ہولڈر ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے اپنی شہریت ظاہر نہیں کی تھی۔
پٹرولیم کے معاون خصوصی ندیم بابر سال 1999 سے امریکی شہریت رکھتے ہیں،
معاون خصوصی اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری مستقل برطانوی شہریت رکھتے ہیں۔
ندیم افضل چن کینیڈا کی شہریت رکھتے ہیں، جبکہ معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس بھی کینیڈا کی شہری ہیں۔ تانیہ ایدروس سنگاپور کی مستقل رہائشی ہیں۔
معاون خصوصی برائے پاور ڈویژن شہزاد سید قاسم بھی امریکی شہریت کے حامل ہیں۔
معاونین خصوصی اور مشیران کے اثاثہ جات
کابینہ ڈویژن نے وزیر اعظم کے معاونین خصوصی اور مشیروں کے اثاثوں کی تفصیلات بھی جاری کردی ہیں۔
ندیم بابر
کابینہ ڈویژن کے مطابق، معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر کے اثاثوں کی مالیت 2 ارب 75 کروڑ 28 لاکھ روپے ہے۔ ان کے دیے گئے ریکارڈ کے مطابق، ان کی پاکستان اور امریکہ میں جائیداد موجود ہے۔ لیکن حیرت انگیز طور پر جو جائیداد کی قیمت انہوں نے لکھی ہے، اگر اس قیمت پر ہو تو کوئی بھی سرمایہ رکھنے والا شخص اسے فوری طور پر خریدنا چاہے گا۔ ندیم بابر کے مطابق، لاہور ماڈال ٹاؤن میں چار کنال کا گھر ایک کروڑ 75 لاکھ روپے؛ مری میں دو کنال کا گھر دس لاکھ روپے؛ رائیونڈ روڈ لاہور پر 24 کنال زمین ایک کروڑ روپے؛ رائیونڈ روڈ پر ہی آٹھ کنال زمین 35 لاکھ؛ ماڈل ٹاؤن میں تین کنال کا گھر تین کروڑ میں؛ بیٹے اور بیٹی کے نام 50,50 لاکھ کے ڈی ایچ میں پلاٹس اور امریکہ میں 3 کروڑ 11 لاکھ روپے کا ایک گھر بھی ہے۔ ندیم بابر کے تیس کے قریب کمپنیوں میں مختلف مالیت کی حصہ داریاں بھی ہیں۔
شہزاد اکبر
معاون خصوصی برائے احتساب اور وزیر مملکت داخلہ شہزاد اکبر کے اثاثوں کی مالیت 7 کروڑ 23 لاکھ سے زائد ہے۔ ان کے پاس گوجر خان میں وراثتی گھر اور زمینوں میں حصہ ہے اور اسلام آباد میں ایک پلاٹ ہے جبکہ گاڑی اور دیگر رقوم بھی شامل ہیں۔
تانیہ ایدروس
معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس امریکا، برطانیہ، سنگاپور میں 45 کروڑ 26 لاکھ روپے مالیت کے مکانات کی مالک ہیں، جبکہ انہوں نے بیرونِ ملک میں ایک کروڑ 25 لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی۔
تانیہ ایدروس نے 95 ہزار 789 ڈالر پاکستان منتقل کیے اور گاڑی خریدنے سمیت دیگر اخراجات کے لیے رقم بھی منگوائی۔
انہوں نے 82 لاکھ روپے مالیت کی گاڑی خریدی، جبکہ اُن کے پاس 50 تولہ سونے موجود ہے۔ تانیہ ایدروس پاکستان میں کسی بھی غیر منقولہ جائیداد کی مالک نہیں ہیں۔
Comments
Post a Comment